مرکزی ملزمان سمیت 112ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں ، سانحہ سیالکوٹ کی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش

0
245

اسلا آباد(این این آئی) پنجاب حکومت نے گزشتہ روز سیالکوٹ میں سیکڑوں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکن منیجر کے قتل اور لاش جلائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کر دی جس میں بتایاگیا ہے کہ مرکزی ملزمان سمیت 112ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی گئی پنجاب حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اب تک مرکزی ملزمان سمیت 112 ملزمان گرفتار کئے جا چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ میں اشتعال دلانے والوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیکٹری منیجرز کی معاونت سے واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کی گئی۔وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعہ کے ذمے داران کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ واقعے کے محرکات میں توہینِ مذہب کے ساتھ انتظامی پہلوئوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا کہ سیالکوٹ اور گرد و نواح میں گرجا گھروں اور غیر ملکی فیکٹری ورکرز کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔