قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست ان دو نظریوں پر پاکستان کو عظیم بنائیں گے،وزیر اعظم

0
246

میانوالی/دائود خیل (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ہم تمام دائیں اور بائیں بازوں کے گروپوں، بلوچستان اور وزیرستان کے لوگوں سے مفاہمت کرنے کو تیار ہیں اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے تاہم جنہوں نے اقتدار میں آکر پیسہ چوری کیا ان سے نہ مفاہمت ہوگی اور نہ ہی انہیں این آر او دیں گے، ،قانون کی حکمرانی اور فلاحی ریاست ان دو نظریوں پر پاکستان کو عظیم بنائیں گے، مہنگی بجلی کے تمام معاہدے ہم سے پہلے کے کیے گئے ہیں، کوشش کررہے ہیں ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کریں، بلدیاتی الیکشن آرہا ہے، کارکن تیاری کریں اور اس الیکشن میں بھرپور شرکت کریں،مہنگائی صرف پاکستان کا نہیں دنیا بھر کا مسئلہ ہے، کورونا وباء کی وجہ سے کاروبار بند ہوا جس سے مہنگائی ہوئی، تین چار ماہ بعد مہنگائی میں کمی آجائیگی ،50 ہزار روپے سے کم آمدنی والوں کو راشن پر 30 فیصد رعایت دیں گے، کامیاب پاکستان پروگرام میں 20 لاکھ خاندانوں کو بغیر سود قرض دیں گے ،پروگرام میں گھر بنانے کے لیے بغیر سود قرض ملے گا،ہیلتھ انشورنس کارڈ مارچ تک پنجاب کے تمام خاندانوں کو ملے گا، پنجاب میں ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس ہوگی،میانوالی کے لوگوں کے احسان کا خدمت کر کے جواب دوں گا، میانوالی کے لوگوں کو تعلیم کے لیے ضلع سے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ہفتہ کو وزیراعظم عمران خان نے میانوالی میں میانوالی تا سرگودھا دو رویہ سڑک کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہر مہذب معاشرہ چوروں کو جیل میں ڈالتا ہے ان سے مفاہمت نہیں کرتا، ملک اس لیے غریب ہوتے ہیں کہ بڑا چور آزاد اور چھوٹا جیل میں ہوتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی صرف ملک کا نہیں دنیا بھر کا مسئلہ ہے، اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، دنیا میں مہنگائی اس لیے ہوئی کہ کورونا وباء آئی، کورونا کی وجہ سے کاروبار بند ہوا جس سے مہنگائی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے امریکا میں تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوا تو بدقسمتی سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھیں، اس وقت ہمیں بھی اور دنیا کو بھی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے