اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز (کل) ہوگا

0
190

اسلام آباد(این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز(کل) اتوار19دسمبر کواسلام آباد ہوگا اجلاس میں شرکت کے لیے وفود کی آمد شروع ہوگئی ۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے تین سیشن ہوں گے، ابتدائی اور اختتامی سیشن اوپن جبکہ ورکنگ سیشن ان کیمرہ ہو گا اور اجلاس میں افغان وفد کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان میں ایک طویل عرصے کے بعد 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس ہونے جا رہا ہے، 15 اگست کے بعد افغانستان میں جو تبدیلی آئی اور اس کے بعد اس تبدیلی کے حوالے سے کئی خدشات سامنے آئے۔ وزیرخارجہ کے مطابق اس وقت افغانستان میں معاشی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاشی و انسانی بحران کے سبب مہاجرین کی یلغار کا خطرہ پھر سے سر اٹھا رہا ہے، 15 اگست کے بعد ہم نے مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے افغانستان کے قریبی 6 ہمسایہ ممالک کا فورم تشکیل دیا گیا اور اس کا پہلا ورچوئل اجلاس پاکستان، دوسرا تہران اور تیسرا اجلاس بیجنگ میں متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ، اقوام متحدہ کے اداروں، پی 5 اور اہم یورپی ممالک کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا ہے۔