دھماکے میں پاکستانی گروپ کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا،بھارتی وزیراعلیٰ

0
224

نئی دہلی (این این آئی )بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلی چرن سنگھ چنی نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی بھی تفتیشی ایجنسی کو ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس سے یہ ثابت ہو کہ لدھیانہ کی عدالت میں ہونے والے بم دھماکے میں پاکستانی ایجنسیوں یا پھر وہاں سے فعال خالصتانی گروپ کا ہاتھ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ریاست پنجاب کے وزیر اعلی چرن سنگھ چنی کا کہنا تھا کہ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والا واحد شخص، حملہ آور ہی تھا۔ انہوں نے کہاکہ ابھی تک کسی نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ نہ ہی ہمیں اس بارے میں کوئی واضح اشارے ملے ہیں کہ اس کے پیچھے کون ہو سکتا ہے۔صحافیوں نے جب ان سے یہ سوال پوچھا کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی یہ پھر پاکستان میں فعال مبینہ علیحدگی پسند گروپ خالصتان کا ہاتھ ہونے کے بارے میں باتیں کہی جا رہی ہیں اس پر آپ کا کیا کہنا ہے؟ تو انہوں نے کہاکہ ابھی تک میرے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے اور ایسا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی تفتیش کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور ان سے خصوصی ٹیم بھیجنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں مرکز کی مدد کی ضرورت ہے کیونکہ دھماکے میں استعمال ہونے والے مادے آر ڈی ایکس کی جانچ کرنے کے لیے پنجاب کے پاس آلات نہیں ہیں۔