نئی امریکی پالیسی،بعض ویزا درخواستوں کیلئے ذاتی انٹرویوز کی شرط میں نرمی

0
224

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بعض غیر تارکین وطن ویزا درخواست دہندگان کے ذاتی انٹرویوز کو حاصل استثنی کی نئی امریکی پالیسی 31 دسمبر سے فعال ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد ویزا کے انتظار کے اوقات کو کم کرنا ہے کیونکہ بعض جگہوں پر درخواست دہندگان کو انٹرویو کی تاریخ حاصل کرنے کے لیے ایک سال سے زیادہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کووڈ 19 وبائی بیماری کے نتیجے میں محکمے کی ویزا پروسیسنگ کی صلاحیت میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سفر کی بحالی کے ساتھ ہم قومی سلامتی کو اپنی ترجیح کے طور پر برقرار رکھتے ہوئے ویزا کے انتظار کے اوقات کو کم کرنے کے عارضی اقدامات کر رہے ہیں۔محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس نے امریکی معیشت پر عارضی ورک ویزا رکھنے والوں کے مثبت اثرات کو تسلیم کیا ہے اور وہ غیر تارکین وطن کے سفر کو آسان بنانے اور ویزا کے انتظار کے اوقات کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ قونصلر افسران کو اب 31 دسمبر 2022 تک عارضی طور پر اختیار دیا گیا ہے کہ وہ بعض انفرادی درخواستوں پر مبنی نان امیگرینٹ ورک ویزوں اور ان کے کوالیفائنگ ڈیریویٹیوز کے لیے ذاتی انٹرویوز کو چھوڑ دیں۔