شیری رحمان کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

0
197

اسلام آباد (این این آئی)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہر 15 دن بعد منی بجٹ پیش کرتے ہیں، عوام دشمن حکومت کے پاس منی بجٹ اور لوٹ مار کے علاوہ کوئی حل ہی نہیں،حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ تباہی سرکار نے نئے سال کے آغاز پر عوام کو پیٹرول بم کا تحفہ دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ قیمت میں 4 روپے فی لٹر اضافے کے بعد پیٹرول اب 144.82 روپے کا ہو گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس حکومت نے 3 سال میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 52 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، یہ ہر 15 دن بعد منی بجٹ پیش کرتے ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ عوام دشمن حکومت کے پاس منی بجٹ اور لوٹ مار کے علاوہ کوئی حل ہی نہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج ہر پاکستانی اس حکومت کی نااہلی کی وجہ سے متاثر اور پریشان ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، حکومت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔