برآمدات میں اضافے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، وزیر اعظم

0
206

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ ہی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے، ملک سے محض سبزیاں یا دیگر چھوٹی چیزیں ہی برآمدات ہوتی ہیں جس سے ترقی کا سفر شروع نہیں ہوسکتا ہے،ملک اسی صورت میں ترقی کرے گا جب صنعتی شعبوں کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہوگا،ہم چین سے بہت سیکھ سکتے ہیں جنہوں نے شہر کاری کے نت نئے طریقوں پر غور کیا اور اب وہ عمودی ڈیویلپمنٹ کررہے ہیں،آئندہ ہفتے چین کا دورہ متوقع ہے جس کا حتمی فیصلہ کورونا کی صورتحال کے تناظر میں ہوگا۔پاک چائنا بزنس انویسٹمنٹ فورم کے اجرا سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پاک چائنہ سرمایہ کاری فورم پر مبارکباد دیتاہوں، حکومت کو مشکلات سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کا فیڈ بیک چاہیے، سرمایہ کارکے لیے وقت اہم ہوتاہے ، ہمارے پاس افرادی قوت ،نوجوان اورہنر مند لوگ موجود ہیں، ہم نے آئی ٹی کو تھوڑا سہارادیاتو اس نے نتیجہ دیناشروع کیا۔عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ غریب ملکوں کا بڑا مسئلہ ہے، ہر سال بڑی رقم غریب ممالک سے امیر ممالک منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی تیزی سے اربنائز ہورہا ہے، گرین ایریاز ختم ہورہے ہیں ،آبادی بڑھ رہی ہے اور شہر پھیل رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک اسی صورت میں ترقی کرے گا جب صنعتی شعبوں کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہوگا