2021میں پاکستان میں چار صحافیوںسمیت55صحافی قتل ہوئے، اقوام متحدہ

0
238

نیویارک(این این آئی )اقوام متحدہ کے تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ گزشتہ سال 55 صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو قتل کیا گیا جبکہ 2006 سے ہر 10 میں سے9 قتل کے واقعات تاحال حل نہیں ہوئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ خواتین صحافیوں کو خاص طور پر خطرہ لاحق ہے جبکہ انہیں آن لائن ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا بھی سامنا ہے۔اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو)کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سروے میں شامل تقریبا تین چوتھائی خواتین میڈیا پروفیشنلز نے اپنے کام کے حوالے سے آن لائن تشدد کا تجربہ کیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 1993 سے اب تک دنیا بھر میں ایک ہزار 490 صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے، جن میں برطانیہ اور امریکا جیسے ممالک بھی شامل ہیں جہاں اس عرصے کے دوران 7 صحافیوں کو قتل کیا گیا، برطانیہ میں 2019 میں 2 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔پاکستان میں 1993 سے اب تک 85 صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے جن میں 2021 میں قتل ہونے والے 4 صحافی بھی شامل ہیں۔بھارت میں 1993 سے 52 صحافیوں کو قتل کیا جاچکا ہے جن میں سے پانچ 2021 میں قتل ہوئے۔افغانستان میں 1993 کے بعد 81 صحافی قتل ہوئے جن میں سے 8 کو 2021 میں قتل کیا گیا۔اسی طرح بنگلہ دیش میں 2021 میں دو سمیت 24 صحافیوں کو قتل کیا گیا۔یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل اوڈرے ازولے نے اپنے بیان میں کہا کہ 2021 میں ایک بار پھر متعدد صحافیوں نے سچ کو سامنے لانے کی قیمت ادا کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ آزاد اور حقائق پر مبنی معلومات کی ضرورت ہے