ترک افسران کا150شامی جنگجوئوں کو فضائی دفاعی ہتھیاروں کی تربیت دینے کاانکشاف

0
187

انقرہ(این این آئی ) شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک افواج کے افسران نے ادلب شہر کے قریب المسطومہ کیمپ میں کندھے سے فائر کیے جانے والے طیارہ شکن میزائلوں پر تکنیکی ٹریننگ دینا شروع کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آبزرویٹری نے کہا کہ ترک افواج شامی جنگجوئوں کو طیارہ شکن ہتھیاروں کی مکمل تربیت دینے کی تیاری کر رہی ہیں۔ موجودہ مرحلہ ان کے استعمال کے بارے میں نظریاتی اسباق فراہم کرنا ہے اور آنے والے دنوں میں اس کی عملی مشق کی جائے گی۔ترک فوج نے بہترین کار کردگی دکھانیوالے 150 شامی جنگجوئوں کے لیے ایک عملی کورس تیار کیا ہے۔ذرائع نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ترک افواج نے ڈی ایسکلیشن زون میں تعینات ترک حمایت یافتہ دھڑوں کے اندر 1000 سے زائد شامی جنگجوئوں کے لیے اینٹی آرمر ہتھیاروں، توپ خانے اور بھاری مشینری کے لیے تربیتی کارروائیاں کی ہیں۔