شاہد خاقان عباسی کاسانحہ مری پر دکھ اور افسوس کا اظہار

0
310

اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر سانحہ مری پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے،نواز شریف علاج کروا کر واپس آئیں گے اس سے پہلے نہیں آئیں گے، چیئرمین نیب کی حیثیت آپ سب نے دیکھ لی ہے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ہمارے خلاف کون سے کیس ہیں؟،23 مارچ کو پریڈ کے بعد عوام کی پریڈ ہوگی، جتنے لانگ مارچ ہوں گے حکومت پر اتنا ہی دباؤ بڑھے گا۔ پیر کو شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم نے 23 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، 23 مارچ کو پریڈ کے بعد عوام کی پریڈ ہوگی، جتنے لانگ مارچ ہوں گے حکومت پر اتنا ہی دباؤ بڑھے گا۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، جو کیسز بنائے گئے ہیں پورا پاکستان جانتا ہے، مقدمے کی حیثیت سب جانتے ہیں یہ کیس بنتا ہی نہیں، نیب پراسیکیوٹر خود پریشان ہے کہ کیا کیس ہے۔سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین نیب کی حیثیت آپ سب نے دیکھ لی ہے، چیئرمین نیب بتائیں کہ ہمارے خلاف کون سے کیس ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت پر کرپشن کے اسکینڈل ہیںلیکن چیئرمین نیب خاموش ہیں، نیب نے ملک کے اندر تباہی پھیلائی ہے، ملک میں آج کوئی کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے ڈیڑھ ارب کی مشینری مری کیلئے دی ہوئی ہے، آج سے پہلے کبھی مری میں برف سے پھنسنے سے اموات نہیں ہوئی تھیں، کوئی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، ایک لفظ اظہار ہمدردی نہیں کر سکے۔