برسلز(این این آئی)مغربی سفارت کاروں نے کہاہے کہ ایران اورامریکا ویانا میں جاری بالواسطہ جوہری مذاکرات میں بنیادی امور پربہت کم لچک کا مظاہرہ کررہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مغربی حکام کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کو دوبارہ زندہ کرنے کا وقت ختم ہورہا ہے جبکہ ایرانی حکام اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ ان پر وقت کا دبائو ہے۔ان کاکہنا تھا کہ چین کو تیل کی فروخت کی بدولت ایران کی معیشت زندہ رہ سکتی ہے۔جبکہ ایرانی عہدہ دارنے کہا کہ ایران کے حکمرانوں کو یقین ہے کہ ان کا سمجھوتانہ کرنے کا نقطہ نظر سودمند ثابت ہوگا۔سینئر ایرانی عہدہ دار کا کہنا تھا کہ امریکیوں کویقین دہانی کرانی چاہیے کہ مستقبل میں ایران پرکسی لیبل کے تحت کوئی نئی پابندیاں عاید نہیں کی جائیں گی۔اس کے علاوہ ہمیں اس بات کی ضمانت کی ضرورت ہے کہ امریکا دوبارہ اس معاہدے کو ترک نہیں کرے گا۔تاہم دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا تھا کہ صدر جو بائیڈن ایسا کوئی وعدہ نہیں کرسکتے کہ امریکی حکومت اس معاہدے سے انحراف نہیں کرے گی کیونکہ جوہری معاہدہ ایک غیرپابند سیاسی مفاہمت ہے نہ کہ قانونی طور پر کوئی پابند معاہدہ ہے