شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں سکیورٹی نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کرلیا

0
212

لندن (این این آئی)شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں پولیس سکیورٹی نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کرلیا۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری نے برطانیہ میں سکیورٹی اخراجات کی پیشکش کے باوجودبرطانوی حکومت کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے سے انکار پر عدالت سے رجوع کرلیا ۔رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری کا کہناتھا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ امریکا سے اپنے آبائی ملک انگلینڈ جانا چاہتے ہیں لیکن ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔شہزادہ ہیری کے نمائندے کا کہنا تھاکہ ہیری اپنے سکیورٹی انتظامات کے اخراجات خود اٹھا نا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں شہزادہ کی نجی سکیورٹی ٹیم کے پاس بیرون ملک مناسب دائرہ اختیار نہیں ہے اور نہ ہی ان کے پاس برطانیہ کی انٹیلی جنس معلومات تک رسائی ہے۔نمائندے کے مطابق ایک عدالتی نظرثانی کا دعوی ستمبر میں دائر کیا گیا تھا تاکہ برطانوی حکومت کے سکیورٹی کے طریقہ کار کے پیچھے فیصلہ سازی کو چیلنج کیا جا سکے۔نمائندے کے بیان میں مزید کہا کہ جولائی میں برطانیہ کے ایک مختصر دورے کے دوران ہیری کی سکیورٹی پر پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے سمجھوتہ کیا گیا جس کی وجہ سے ایک پروگرام سے نکلتے وقت کئی فوٹوگرافرز نے ان کا تعاقب کیا تھا۔دوسری جانب برطانوی حکومت کا کہنا تھا کہ شہزادہ کی سکیورٹی سخت اور مناسب ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔