سینیٹ میں وزرا ء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن کا شدید احتجاج ، وزرا کی موجودگی یقینی بنانے کا مطالبہ

0
328

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ میں وزرا ء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزرا کی موجودگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جبکہ اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام امور کا دبائووزیر مملکت علی محمد خان پر ہے جس کا جواب دیتے ہوئے قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہاہے کہ جہاں ضروری ہو وزرا ء آتے ہیں،اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ آپ کی زیارتوں کیلئے آتے ہیں ۔ منگل کو سینیٹ اجلاس کی صدارت چیئرمین صادق سنجرانی نے کی۔اپوزیشن اراکین رضاربانی ،سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر نے وزرا ء کی عدم موجوگی کی طرف چیئرمین کی توجہ دلائی۔اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزراء کو یہاں آکر بیٹھنا چاہیے ، سارا بوجھ علی محمد خان پر ہے، گزشتہ روز ایک منسٹر کا دیدار میری وجہ سے ہوا۔قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ جہاں پالیسی بیان دینے کی ضرورت ہوتی ہے شاہ محمود قریشی وہاں جاتے ہیں،کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ آپ کی زیارتوں کیلئے کوئی یہاں آتا ہے،آپ نادرا کا سوال ملٹری پر لے گئے ملٹری بھی تو اسی ملک کی ہے،قانون کے بھی لمبے ہاتھ ہیں،وردی اور بغیر وردی والی بات چھوڑیں۔اس پر یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ہم فوج کے خلاف نہیں یہ پاکستان کی فوج ہے،مسئلہ کشمیر جو عالمی ایشو ہے اس پرشاہ محمود کیوں نہیں آئے۔میاں رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نے پارلیمان کو اعتماد میں لیے بغیر نیشنل سیکیورٹی پالیسی کا اعلان کر دیا