سرینگر(این این آئی)بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں نافذ کر کے وادی کشمیر اور جموں کے متعدد حصوں کو فوجی چھائونی میں تبدیل کردیاگیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے سرینگر سمیت مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں چوکیاں قائم کر دی ہیں جہاں مسافروں ،راہگیروںاورگاڑیوںکو روک کر انکی جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔پوری وادی کشمیر میں 26جنوری کے حوالے سے منعقد ہونے والی سرکاری تقاریب کے سلسلے میں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کو تعینات کیاگیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے فضائی نگرانی اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فورسز نے کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سرینگر کی طرف جانیوالی تمام سڑکوں کی ناکہ بندی کر دی ہے جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی ۔ اسٹیڈیم کو سخت سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے۔ جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم جہاں 26جنوری کی سرکاری تقریب کے انعقاد کیلئے بھی سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر اور تمام ضلع ہیڈ کوارٹروں میں اہم تنصیبات کے گرد بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد تعینات کر کے سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ تین حصارپر مشتمل سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔وادی کشمیر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں کل بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوںکو بھارت مخالف مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے