ایران میں جاسوسی کے الزام میں گرفتارفرانسیسی شہری کوآٹھ سال قید کی سزا

0
201

تہران (این این آئی)ایران میں ایک عدالت نے فرانسیسی شہری بنیامین بریئر کو جاسوسی کا مجرم قرار دیتے ہوئے آٹھ سال قید کی سزا سنادی۔میڈیارپورٹس کے مطابق 36سالہ بریئرمئی 2020 سے ایران میں قید ہیں۔انھیں ترکمانستان ایران سرحد کے قریب صحرا میں ریموٹ کنٹرول منی ہیلی کاپٹراڑانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔یہ فضائی یا حرکی تصاویرحاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔قبل ازیں بریئرکوایران کے شمالی شہرمشہد میں جیل میں منتقل کیا گیا تھا۔ان کے خلاف فساد فی الارض اور شراب پینے کاالزام بھی عاید کیا گیا تھا۔ایرانی قانون کے تحت یہ سب سے سنگین الزام ہے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں کوڑے مارنے کی سزا بھی سنائی جاسکتی ہے لیکن تحقیقات کے بعد استغاثہ نے اس الزام کو مسترد کردیا تھا۔ایران کی جانب سے گذشتہ سال بریئرکے خلاف مقدمہ چلانے کے اعلان سے چند روز قبل ہی ان کی بہن بلندین بریئر کا فرانسیسی ہفت روزہ لی پوائنٹ میں صدرعمانوایل ماکروں کے نام ایک کھلا خط شائع ہواتھا۔اس میں انھوں نے صدر سے اپنے بھائی کی رہائی کے لیے اقدامات کی اپیل کی تھی۔انھوں نے لکھا کہ ایران میں ان کے بھائی کے خلاف بے بنیاد الزامات عاید کیے گئے ہیں اور وہ ایک مذاکراتی آلہ بن چکے ہیں۔