شاہ سلمان کی پاکستان سمیت دوست ممالک سے طے معاہدوں کی توثیق

0
214

ریاض (این این آئی)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں کووِڈ19کی وبا پھیلنے کے بعد کابینہ کے پہلے بالمشافہ اجلاس کی صدارت کی ہے۔اس سے پہلے گذشتہ دو سال کے دوران میں کابینہ کے ورچوئل اجلاس منعقد ہوتے رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزراتی کونسل کا اجلاس الیمامہ محل میں ہوا ،کابینہ اجلاس میں دوست ممالک سے طے پائے گئے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس کے اختتام پر 10 معاہدوں کی توثیق کی گئی۔ پاکستان کے ساتھ سزا یافتہ مجرموں کی حوالگی کے معاہدے، انسدادِ جرائم میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے معاہدوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں نشہ آور اشیا کے اجزا کی غیرقانونی تجارت روکنے کے لیے ایم او یو کو حتمی شکل دینے کی بھی توثیق کی گئی۔اجلاس میں سوڈان سمیت متعدد ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں ہونے والی حالیہ پیش رفت، مملکت اور متحدہ عرب امارات کے خلاف ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے حالیہ ڈرون اورمیزائل حملوں سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔جاری کردہ بیان کے مطابق وزارتی کونسل نے جنوبی کوریا کے صدرمون جے ان کے حالیہ دور سعودی عرب کے نتائج پرتبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرجنوبی کوریا کی کمپنی ایل جی نے مملکت میں اپنا علاقائی ہیڈ کوارٹرقائم کرنے کااعلان کیا تھا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی عرب اور جنوبی کوریامختلف شعبوں میں باہمی مفاد میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دوطرفہ تعلقات اورتعاون کو فروغ دیں گے۔