05فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے ‘وزیراعظم آزاد کشمیر

0
383

مظفرآباد (این این آئی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ 05فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور کشمیری قوم کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے کیونکہ اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔یوم یکجہتی کشمیرصرف پاکستان اور آزادکشمیر میں نہیں بلکہ مقبوضہ جموں کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کوجو ش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام آپ کی پشت پر ہیں۔انشاء اللہ وہ وقت آنے والا ہے کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزاد فضاؤں میں فتح کا جشن منائیں گے۔پانچ اگست2019اور اس کے بعد انتہاء پسند آر ایس ایس کی ہندوستانی حکومت نے جو اقدامات اٹھائے اس کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے یکسر مستر د کر دیا ہے۔ میں اپنے ان تمام بھائیوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ہندوستان کے مظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا بلکہ اسی طرح سے اپنا سر فخر سے بلند رکھا جس طرح سے ان کے بزرگوں، بیٹیوں اور بیٹوں نے تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کو کسی بھی قیمت پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ میں حکومت پاکستان، پاکستان کی تمام سیاسی،مذہبی،سماجی جماعتوں اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے ہمیشہ کی طرح یہ دن شان وشوکت اور نظریاتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا۔ کنٹرول لائن پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی ماند کھڑے پاک فوج کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے قربانیوں کی ان مٹ تاریخ رقم کی۔ کشمیریوں کو پاکستان کی خارجہ پالیسی پر پورا اعتماد ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان ہی دنیا میں ہمارا اکلوتا وکیل ہے جس نے ہر فورم پر محکوم کشمیریوں کی آواز بلند کی ہے