کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے ‘وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

0
478

مظفرآباد(این این آئی)وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیرسردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ 5فروری کو پاکستان اور آزادکشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید ہے کہ کشمیر ی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت تک اہل پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019کے بعد کے اقدامات نے مسئلہ کشمیر کی ہئیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے مگر کشمیری عوام کے فولادی عزم نے بھارتی چالوں کو ناکام بنایا ہے۔بھارتی فوج کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کی مرہون منت ہے جو کشمیری شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جنوبی ایشیا میں مستقل امن کے لیے کشمیر کا مسئلہ حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، جنوبی ایشیا میں مستقل امن وخوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے۔