بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو جابرانہ ،غاصبانہ قبضہ کے ذریعے زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

0
505

مظفر آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی عوام کے جذبہ حریت کو اپنے جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کے ذریعے اب زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و بربریت کا نوٹس لے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی جدوجہد میں ہم ان کے شانہ بشانہ ہیں اگرچہ ہم پہلے بھی مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن اب پہلے سے زیادہ ضرورت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز عالمی ایوانوں تک بھرپور انداز میں پہنچائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مظفرآباد میں ایوان صدر سے کچہری چوک تک نکالی گئی ریلی کی قیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ریلی میں وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خواجہ فاروق احمد، وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی، وزیر تعمیرات و مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی، وزیر مال و بحالیات چوہدری محمد اخلاق، مشیر حکومت چوہدری مقبول، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد اقبال، صدارتی مشیر سردار امتیاز خان سمیت ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔