ریاض(این این آئی)امریکا کی مشرق اوسط کے لیے اعلی سفارت کار نے ریاض میں سعودی حکام سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے علاوہ یمن اور لبنان کی صورت حال سمیت علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق قائم مقام امریکی معاون وزیرخارجہ برائے مشرق قریب اموریائل لیمپرٹ نے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیرمملکت برائے خارجہ امورعادل الجبیر اور سعودی شوری کونسل کی رکن ہدی الحیلیسی سے ملاقاتیں کیں۔ شہزادہ فیصل اور لیمپرٹ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور امریکا اورسعودی کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ۔انھوں نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے شہریوں پرمسلسل حملوں اور یمن میں برسوں سے جاری جنگ کے سیاسی حل کوروکنے میں اس گروپ کے تخریبی کردارکے بارے میں بات چیت کی ۔امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ عادل الجبیر کے ساتھ مذاکرات میں لبنان کی صورت حال اور یمن میں جاری تنازع کے پرامن اور سفارتی حل کے لیے کثیرالجہت کوششوں کو مستحکم بنانے کے ضمن میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔لیمپرٹ اورہدی الحلیسی نے سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر گفتگو کی ۔انھوں نے یہ بات نوٹ کی کہ اس پیش رفت کے نتیجے میں سعودی خواتین کی زندگیوں میں نمایاں مثبت تبدیلی رونما ہوئی اور مملکت کی افرادی قوت میں خواتین کی شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔امریکی ایلچی نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے سیکرٹری جنرل نایف الحجرف سے بھی ملاقات کی