اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کر دیا

0
266

اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کر دیا اس سلسلے میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اہم خط لکھ دیا جس کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی۔وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے صادق سنجرانی کو لکھے گئے خط میں کہاکہ 3 مارچ 2018 کو سینیٹ کی نشست پر میرے انتخاب کو چیلنج کرنے سے پیدا ہونے والا قانونی تنازعہ حل ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے خط میں کہاکہ 21 دسمبر 2021 کو سپریم کورٹ نے سول اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد عدالت عظمی کا 8 مئی 2018 کا ممبر شپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہوگیا۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022 کا میری سینٹ نشست پر کامیابی کو معطل کرنے کا اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہاکہ قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہوں، برطانیہ میں زیرعلاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں۔ اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط میں کہاکہ بطور سینیٹر ورچوئل / ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے، یہ طریقہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیر استعمال ہے۔خط کے مطابق اگر ورچوئل طریقہ اختیار کرنا ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔ خط میں کہاگیاکہ اسحاق ڈار نے اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ کو اپنے خط میں آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کا حوالہ بھی شامل کیا ہے، خط میں کہاگیاکہ آئینی شق کے تحت چیئرمین سینٹ کسی شخص کو منتخب رکن سے حلف لینے کے لیے مقرر کر سکتے ہیں جو آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت منتخب رکن سے حلف لینے کا مجاز ہے۔ اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ سے آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کے مطابق ان سے حلف لینے کی استدعا کی ۔ اسحاق ڈار نے خط میں واضح کیا کہ ایک متعین مدت میں بطور رکن پارلیمنٹ حلف لینے کے حوالے سے حالیہ 2021 میں کی گئی قانونی ترمیم ان کے 3 مارچ 2018 کو ہونے والے الیکشن پر لاگو نہیں ہوتی، اسحاق ڈار نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی ہے، اسحاق ڈار نے اپنا خط اور میڈیکل رپورٹ چیئرمین سینٹ اور الیکشن کمیشن کو ای میل کے ذریعے بھی بھیج دی ہیں۔