سعودی عرب کے ساتھ مکالمہ جاری،جلدپیش رفت متوقع ہے،ترک صدر

0
267

انقرہ (این این آئی )ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے اورترکی کوآیندہ عرصے میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پیش رفت کی توقع ہے۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر ایردوآن متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے سے واپسی پراپنے ہم راہ طیارے میں سوار صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا مثبت مکالمہ جاری ہے اور ہم آنے والے عرصے میں ٹھوس اقدامات کے ذریعے پیش رفت کے منتظر ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ اس مذاکراتی عمل کو مثبت سمت میں آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔یادرہے کہ 2018 میں استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔