واشنگٹن /ماسکو (این این آئی)روسی صدر نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ روس کے مفادات اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا لیکن روس یوکرائن تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔ ادھر امریکی سکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ ملاقات جمعرات کو ہونا تھی۔ بلنکن کے مطابق یہ ملاقات اس شرط پر ہو رہی تھی کہ روس یوکرائن پر حملہ نہیں کرے گا۔ بلنکن نے روس پر سفارتکاری کو مسترد کرنے کا الزام بھی عائد کیا ۔ روس نے یوکرائن کے دو علیحدگی پسند علاقوں کو آزاد تسلیم کرنے اور وہاں فوج بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے روس کے اس فیصلے کی مذمت کی ۔ گوٹیرش کے مطابق روسی فوجی امن دستے نہیں ہیں، جیسا کہ روس کی جانب سے کہا گیا ہے۔