سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی پشاور میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت، ملوث افراد کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

0
355

نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے پشاور میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پشاور کو اچھی طرح جانتا ہوں ، وہاں کے لوگوں کے بہترین سلوک سے آگاہ ہوں ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم کو ٹیلی فون کر کے پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔سیکرٹری جنرل نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کیلئے ذاتی طور پر صدمہ کا باعث ہے کیونکہ وہ پشاور کو اچھی طرح جانتے ہیں اور وہاں کے لوگوں کے بہترین سلوک سے آگاہ ہیں۔انہوں نے مستقل مندوب سے کہا کہ ان کا پیغام اور اظہار تعزیت پاکستان کی عوام، حکومت اور قیادت تک پہنچائیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے پاکستان کے ساتھ تعزیت اور اظہار یکجہتی پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پشاور دھماکے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک ٹوئٹ میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ عبادت گاہیں، عبادت کیلیے ہوتی ہیں کسی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں ہوتی۔انہوں نے پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔