(ق)لیگ اور ایم کیو ایم کے متحدہ اپوزیشن کی قیادت سے معاملات طے پا گئے

0
269

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کی دو اہم اتحادی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم کے متحدہ اپوزیشن کی قیادت آصف علی زر داری ، مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف سے معاملات طے پاگئے ہیں اور دونوں جماعتوں نے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں اپوزیشن کاساتھ دینے کا واضح عندیہ دیدیا ہے ، ایم کیو ایم کی خواہش پر پیپلز پارٹی ہونے والے تحریری معاہدے کے ضامن مولانا فضل الرحمن ، میاں شہباز شریف اور چوہدری برادران کو بنایا جائیگا جبکہ مسلم لیگ (ن)سے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان چند گھنٹوں میں ملاقات متوقع ہے ۔ با خبر ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایم کیو ایم کی قیادت کے مولانا فض الرحمن ، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے جو الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوںنے پیپلز پارٹی سے معاہدے کے نکات پر بات چیت کی اور اپنے مطالبات پیش کئے اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی سے ہونے والے ممکنہ معاہدے کے ضامن مولانا فضل الرحمن ، میاں شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کو بنایا جائے جس پر اتفاق کیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان تحریری معاہدے کے نکات پر مذاکرات جاری ہیں اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں آئندہ نتیجہ سامنے آسکتا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)اور مسلم لیگ (ق)کے درمیان معاملات کو آگے بڑھانے اور انہیں حتمی شکل دینے کیلئے میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)کے وفد کی چوہدری برادران سے اہم ملاقات ہونے والی ہے ، دریں اثناء وفاقی وزیر ہائوسنگ اور مسلم لیگ (ق)کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے اس دعویٰ کو انتہائی غلط اور خو د ساختہ قرار دیاہے کہ ق()کے تمام تحفظات دور کر دیئے ہیں انہوںنے کہاکہ اگر تحریک انصاف کی طرف فیصلے فواد چوہدری گنے کر نے ہیں تو تحریک انصاف کا اللہ ہی حافظ ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ابھی ہم نے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا آئندہ چوبیس گھنٹوں میں فیصلہ متوقع ہے اور تمام پارٹیوں سے رابطے ہیں۔