منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کیلیے عمران خان کا سپریم کورٹ سے رجوع

0
313

اسلام آباد(این این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔عمران خان نے تاحیات نااہلی کیلئے آرٹیکل 184 تین کی آئینی درخواست دائر کر دی، درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ قرار دیا جائے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی اور جو بھی رکن پارٹی کو چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے کیونکہ پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، منحرف ارکان کا ڈالا گیا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے اور ڈالا گیا ووٹ متنازعہ تصور کیا جائے، کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائی۔عمران خان نے درخواست ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے دائر کروائی۔