عمران خان کو وارننگ دیتا ہوں دوسری جماعتوں کے قائدین کا احترام کریں’رانا ثنااللہ

0
227

لاہو ر(این این آئی) وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو وارننگ دیتا ہوں دوسری جماعتوں کے قائدین کا احترام کریں، سابق وزیراعظم اپنے کارکنوں کو بدتمیزی پر اکساتے ہیں، ان کو جوتے پڑیں گے تو یہ ٹھیک ہو جائیں گے،شیخ رشید نے خونی لانگ مارچ کا بیان واپس نہ لیا تو اسے گھر سے نکلنے نہیں دوں گا۔انسدادِ منشیات کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھتیجے کی گرفتاری کے بعد شیخ رشید کو پوری رات نیند نہیں آئی، انہوں نے عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دے رکھی ہے، شیخ رشید نے درخواست دی ہے کہ انہیں ڈر ہے کہ گرفتار کیا جائے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کہتے تھے کہ جیل ان کا سسرال اور ہتھکڑی زیور ہے، تو شیخ رشید سسرال جانے سے گھبراتے کیوں ہیں؟ عمران خان فرح گوگی کے وکیل بنے ہوئے ہیں، وہ ایمنسٹی اسکیم بھی گوگی کے لیے لائے، عثمان بزدار صرف نام کے وزیرِ اعلی تھے، انہیں فرح کے ذریعے حکم دیا جاتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ 15 کلو ہیروئن کے کیس میں 2 ملزم ہیں، ایک عمران خان اور دوسرے شہزاد اکبر، شہزاد اکبر نے اسلام آباد پولیس کے افسر سے رابطہ کر کے مجھ پر کیس کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہیکہ یہ کیس بناو، شہزاد اکبر نے پولیس افسر کو کہا کہ ہم رانا ثنا اللہ پر کیس ڈالنا چاہتے ہیں، آپ تعاون کریں، پولیس افسر نے انکار کیا تو اے این ایف سے مینیج کروایا گیا، اگر میں نے اتنے قتل کیے ہیں تو میرے خلاف ہیروئن کا جھوٹا کیس کیوں بنایا؟وفاقی وزیرِ داخلہ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اپنی حرکتوں سے باز آئیں، عمران خان اپنے فین کلب کو بدتمیزی پر اکسانے کے لیے مہم چلا رہے ہیں، اپنے کارکنوں کو سیاسی قائدین کے خلاف اکساتے رہے تو آپ بھی ردِ عمل سے نہیں بچ سکیں گے، باز نہ آئے تو ہمیں اپنے کارکنوں کو کہنا پڑے گا کہ کہیں بدتمیزی ہو تو ان کو پکڑیں اور مرمت کریں، ان کو جوتے پڑیں گے، یہ ٹھیک ہو جائیں گے، اپنے کارکنوں کی مرمت کروانا چاہتے ہیں تو کروا لیں، سیاسی قائدین کی عزت کریں