صدر عارف علوی کی جانب سے چیف جسٹس سے سفارتی مراسلے پر عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ مضحکہ خیزہے، شیری رحمن

0
125

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمن نے کہاہے کہ صدر عارف علوی کی جانب سے چیف جسٹس سے سفارتی مراسلے پر عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ مضحکہ خیزہے۔ اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ صدر علوی کو کمیشن کا مطالبہ کرنے سے پہلے عمران خان سے چند ضروری سوالات کرنے چاہیے تھے۔ انہوںنے کہاکہ عارف علوی کو عمران خان سے پوچھا چاہئے کے سفارتی مراسلے کو 17 دن کیوں چھپائے رکھا۔ انہوںنے کہاکہ کیا عارف علوی نے عمران خان سے پوچھا ہے کہ 17 دنوں میں مراسلے کے حوالے سے انہوں نے کیا اقدامات لئے؟ ۔ نائب صدر پیپلز پارٹی نے کہاکہ خط میں کسی سازش کا ذکر تھا تو اسے پارلیمنٹ کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں کیوں پیش نہیں کیا گیا، صدر صاحب اپنے وزیراعظم سے پوچھیں کہ خط نیشنل سکیورٹی میں پہلے پیش کیا یا جلسے میں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ صدر صاحب عمران خان کے بیانیہ کا حصہ بننے سے پہلے حقائق کا جائزہ لیں۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی اور سکیورٹی ادارے تحریک انصاف کا بیانیہ مسترد کر چکے ہیں، انہوںنے کہاکہ ایک طرف آپ اعلی عدلیہ اور ججز کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے دوسری طرف عدالتی کمیشن کا مطالبہ کر رہے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف سوشل میڈیا پر اعلی عدلیہ اور اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہی، یہ ملک کو انتشار کی طرف لے جانے پر تلے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کا دوہرہ معیار قابل مذمت ہے۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف اپنی سیاست بچانے کے لئے پاکستان کے عالمی تعلقات اور مفادات سے کھیلنا بند کریں۔