امریکی کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر آصف محمود کے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کا استقبالیہ

0
327

نیویارک (این این آئی)پاکستانی نژاد ممتاز امریکی شخصیت اور ڈیمو کریٹ پارٹی کی طرف سے امریکی کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر آصف محمود نے کہا ہے کہ کانگریس کا الیکشن جیتنے کے بعد پاکستان اور امریکہ کو مزید قریب لانے ،دونوں ممالک میں تجارت کے فروغ اور پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرونگا، میں نے ہمیشہ امریکہ میں پاکستان کے مفادات ، کشمیر کاز ، روہنگیا کے مسلمانوں کے مسائل اٹھائے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ممتاز سماجی وسیاسی شخصیت مرزا خاور بیگ کی طرف سے فنڈ دیزنگ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر آصف محمود جو کہ اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں خصوصی طور پر نیویارک آئے ، مرزا خاور بیگ کی دعوت پر یانکرز، نیویارک میں واقع ان کی رہائشگاہ پر پہنچے تو مرزا خاور بیگ نے اپنے بھائی مرزا سجاول بیگ سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔استقبالیہ میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات چوہدری عامر رزاق، پرویز ریاض،صیام بٹ ، مرید حسین بھٹی ، چوہدری عرفان ، خالد نذیر ، رانا تیمور ، میاں ظفر اور ارشد فاروق کے علاوہ امریکہ کے دورے پر آئے ڈی آئی جی پولیس گلگت بلتستان افضل محمود بٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر آصف محمود نے مرزا خاور بیگ سمیت تمام ساتھیوں کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کانگریس مین منتخب ہوتے ہیں تو امریکی ایوان نمائندگان میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی امریکن اور ساؤتھ ایشن امریکن مسلم کانگریس مین ہوں گے۔ ڈاکٹرآصف محمود جنہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے لے کر اہم امریکی شخصیات کی تائید حاصل ہے ، کا مزید کہنا تھا کہ کانگریشنل الیکشن میں ان کی کامیابی ، پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کامیابی ہو گی۔ڈاکٹر آصف نے واشنگٹن ڈی سی سمیت امریکہ میں اہم ایوانوں اور فورمز پر پاکستان ، کشمیر کاز، رونگیا مسلمانوں کے لئے خدمات ، پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کے لئے ویزے کے مسائل سمیت اہم امور میں انجام دی جانیوالی اپنی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہاب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی امریکن ایوان نمائندگان جیسے اہم فورم میں اپنی نمائندگی خود کریں گے۔مرزا خاور بیگ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی سیاست میں مسلسل امریکہ کے قومی نظام کا حصہ بن کر اپنا ایک نام اور پہچان بنائی۔آج اللہ تعالیٰ نے انہیں جو مقام دیا ہے ، اس پر سب کو فخر ہے۔خاور بیگ نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کی وباء جب عروج پر تھی اور سعودی عرب نے چائنیز ویکسین لگوانے والے چالیس ہزار پاکستانی کارکنوں کو داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا تو اس وقت ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی حکومت سے رابطہ کر کے میڈرنا اور فائزرویکسین کے ایک لاکھ ڈوزز پاکستان بھجوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا جس کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم چالیس ہزار پاکستانی واپس جا کر اپنی ملازمتوں پر کام کرنے کے قابل ہوئے اس لئے ہم ان کی خدمات کو سراہتے ہیں۔خاور بیگ نے کہا کہ امریکہ میں ہماری دوسری اور تیسری نسلیں پروان چڑھ رہی ہیں اور ڈاکٹر آصف محمود سے امریکہ میں ہمارا ، امریکی کانگریس میں نمائندگی کا سلسلہ شروع ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھر میں بسنے والی پوری پاکستانی امریکن کمیونٹی کو ڈاکٹر آصف کی الیکشن فنڈنگ سمیت انتخابی مہم میں بھرپور مدد کرنی چاہئیے۔اْن کی کامیابی سے کمیونٹی کے لئے آگے بڑھنے کے راستے کھلیں گے۔استقبالیہ میں موجود پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات کی جانب سے بھی ڈاکٹر آصف محمود کی گذشتہ بیس سے زائد سالوں میں امریکہ میںپاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے لئے خدمات جان کو خوش گوار حیرت کا اظہار کیا گیا اور ڈاکٹر آصف محمود کو یقین دلایا گیا کہ وہ چھ جون کو ہونیوالے ان کے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن میں اور نومبر میں ہونیو الے جنرل الیکشن میں ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔