اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا،فوری الیکشن کی ضرورت نہیں،برطانوی وزیراعظم

0
219

لندن(این این آئی)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ان کے خلاف عدم اعتماد کی ناکامی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ نے متاثر کن اور حتمی فیصلہ دے دیا۔ بورس جانسن نے کہا کہ اب حکومت چاہتی ہے کہ سب مل کر آگے بڑھیں، آج کا نتیجہ سیاست اور ملک کے لیے اچھا ہے، اعتماد کے حوالے سے ساتھیوں نے 2019 سے بھی بڑا مینڈیٹ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد فوری الیکشن میں دلچسپی نہیں، معیشت کو مضبوط کرنے اور ملک بھر میں یکساں مواقع فراہم کرنے کا موقع ملا ہے، اپنے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سر کئیر اسٹارمر نے کہاکہ حکمران جماعت کے پاس عوامی مسائل کا کوئی حل نہیں، منقسم کنزرویٹو پارٹی بورس جانسن کا سہارا بنی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی مہنگائی، سیاست اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے متحد ہے۔لیبرپارٹی ہی ملک کودوبارہ صحیح راستے پر واپس لاسکتی ہے۔