اسلام آباد (این این آئی)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے سینکڑوں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی پر سخت نوٹس لے لیا ۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ بلین ٹری سونامی کے دعوں میں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی کیسے ہوئی، حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بلین ٹری سونامی ریڈیو پاکستان کے درخت کھا گئی۔ مریم او رنگزیب نے کہاکہ بلین ٹری کرپشن سونامی سے ریڈیو پاکستان کے درختوں کی کٹائی کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بظاہر یہ لگتا ہے کہ ساری کارروائی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر عمل میں آئی،وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر معاملے کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکرٹری وزارت کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کی مکمل کارروائی کے منٹس اور ریڈیو پاکستان کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وفاق اور پنجاب کی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسیوں اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، درختوں کی اقسام، ان کی عمروں، ان کی مارکیٹ قیمتوں کے تعین کے لئے ماہرین کی مدد نہیں لی گئی۔ انہوںنے کہاکہ آم، شیشم، شہتوت، ریٹھا اور شاہ بلوط سمیت 600 سے زائد درختوں کی کٹائی سنگین معاملہ ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی