امریکہ کا انسانی بنیادوں پر افغانستان کے زلزلے سے متاثرین کی مدد پرغور

0
278

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ افغانستان میں تباہ کن زلزلے سے افغان عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو گا اور یہ قدرتی آفت موجودہ سنگین انسانی بحران کی صورت حال کومزید پیچیدہ کر رہی ہے۔ امریکہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ متاثرین تک امداد کیسے پہنچائی جائے،میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان میں امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے لیے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکہ ان تمام خاندانوں کے لیے ہمدردی رکھتا ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو اس زلزلے میں کھو دیا ۔محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ افغانستان کے لوگوں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور یہ قدرتی آفت موجودہ سنگین انسانی بحران کی صورت حال کومزید پیچیدہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے اتحادی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے ساتھ پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں، اور وہ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے طبی ٹیمیں بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ متاثرین تک مزید امداد کیسے پہنچائی جائے۔؟ اس مشکل وقت میں ہم افغانستان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے میں بین الاقوامی برادری کی قیادت کرتے رہیں گے۔