انقرہ (این این آئی )سعودی عرب اور ترکیہ نے قرار دیا ہے کہ دونوں ملک دو طرفہ تعاون کا نیا دور شروع کریں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اگلے دس برسوں کو تعاون کے ایک نئے دور کے طور پر لیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس امر کا اعلان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ ترکی کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا ۔ اعلامیے میں کہاگیاکہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے اہم مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے دو طرفہ تبادلہ خیال کو فعال بنائیں گے۔ تاکہ خطے میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کی جا سکے اور تمام مسائل کے سیاسی حل میں مدد مل سکے ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر طیب ایردوآن سے اتفاق کیا کہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جائے۔ ان شعبوں مین معیشت، توانائی اور دفاع شامل ہوں گے۔ دونوں رہنماوں نے انقرہ میں مذاکرات کے دوران پختہ عزم کا اظہار کیاکہ دو طرفہ تعلقات اور تعاون میں اضافہ کیا جائے گا،دونوں ملک سیاست، معیشت، دو طرفہ سالمیت اور ثقافت کے میدانوں میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چلیں گے۔ دونوں اطراف سے پٹرولیم، ریفائننگ، پٹرو کیمیکلز، بجلی، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، ہائیڈرو کاربن ریسورسز اور لو کاربن فیولز، ہائیڈروجن کے علاوہ توانائی کے مقامی شعبوں اور تواناائی کی سپلائی چین کے حوالے سے بھی باہم مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ان تمام شعبوں کے لیے دوطرفہ تعاون اور اشتراک کی بنیاد پر نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔