برطانیہ2023تک خلیجی ممالک کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کردیگا

0
318

لندن (این این آئی)برطانیہ 2023 میں ملک میں آنے کے خواہش مند خلیج تعاون کونسل( جی سی سی)کے رکن ممالک کے شہریوں کے لیے ویزے کی شرط ختم کر دے گا جس سے وہ برطانیہ کی نئی ویزا اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے اولین ممالک بن جائیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی محکمہ داخلہ نے ایک بیان میں کہاکہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب،عمان، کویت، قطراور بحرین 2023 میں برطانیہ کے نئی الیکٹرانک سفری اجازت نامے (ای ٹی اے)کی اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے۔برطانیہ کی وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے کہا کہ اس اقدام کا کے بعد خلیجی ریاستیں ای ٹی اے اوربرطانیہ کے ویزافری سفر سے فائدہ اٹھانے والے دنیا کے اولین ممالک میں شامل ہوں گی۔انھوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح برطانیہ کی سرحدوں کی سلامتی ہے اورای ٹی اے کا آغاز کرکے ہم اس بات کو یقینی بناسکتے ہیں کہ برطانیہ میں داخلے کے خواہش مند ہرشخص کو سفر سے پہلے ایسا کرنے کی اجازت ہو اور خطرے کا موجب بننے والوں کوابتدا ہی میں انکارکردیا جائے۔محکمہ داخلہ نے کہاکہ اس کی درخواست کا عمل بالکل سیدھا سادہ ہے اوریہ اسکیم ایک اضافی حفاظتی اقدام کے طورپرکام کرے گی جس سے حکومت کو برطانیہ میں خطرات کو داخلے سے روکنے میں مدد ملے گی جبکہ افراد کو سفر کرنے کی صلاحیت کے بارے میں بھی بروقت یقین دہانی کرادی جائے گی۔ایک مرتبہ منظوری کے بعد، ایک ای ٹی اے ایک توسیعی مدت کے دوران میں متعدد اسفار کے لیے کارآمد ہوگی۔