امریکہ اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستانی سفیر

0
189

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں تعینات سفیر پاکستان مسعود خان نے کہاہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکہ کی معروف درسگاہ جانز ہاپکن یونیورسٹی میں شعبہ صحت سے متعلقہ 80 انٹرنیشنل طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین صحت کے شعبے خصوصا فارماسیوٹیکل، امراض کی تشخیص، کمرشل سطح پر تعاون، ہیلتھ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منظم ڈائیلاگ جاری ہے ۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکی ادارے سی ڈی سی ، وزارت صحت پاکستان اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے درمیان ادارہ جاتی روابط کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستان فارماسوٹیکل سیکٹر کے فروغ کے لیے امریکی فارما کمپنیوں کو شامل ہونے کی دعوت دے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران امریکہ کی جانب سے 62ملین کورونا ویکسین کی فراہمی پر مشکور ہیں جو کہ کسی بھی ملک کو دیا جانے والا سب سے بڑا عطیہ ہے ۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ کورونا وائرس کے مختلف متغیرات کے خلاف ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں امریکی معاونت کے خواہاں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اس وقت مستقبل میں کسی بھی وبا کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے حوالے سے توانائیاں صرف کر رہا ہے ۔جانز ہاپکن میں زیر تعلیم دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے لائق طلبا اپنے نئے تعلیمی ماحول میں قدم رکھنے کے حوالے سے سفیر پاکستان کی رہنمائی حاصل کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے تھے ۔سفیر پاکستان نے زیر تعلیم طلبا اور ہیلتھ پروفیشلز کو مبارکباد دی۔انہوں نے طلبا سے خطاب میں کہا کہ جانز ہاپکن میں تعلیم حاصل کرنے کے اس نادر موقع کو مکمل طور پر نہ صرف انسانیت کء خدمت کیلئے برؤے کار لایا جانا چاہیے بلکہ باہمی نیٹ ورکنگ ، روابط اور کوآرڈینیشن کے ذریعے اپنے اپنے متعلقہ ممالک کے صحت کے شعبہ جات کو تبدیل کرنے کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے ۔طلبا کو پروفیشنلزم کے اعلی معیار قائم رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد دنیا کے ہر ملک کو صحت کے شعبے میں چیلنجز درپیش ہیں جس کی وجہ سے صحت سے منسلک ماہرین پر بڑی ذمہ داری آن پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں مضبوط پارٹنرشپ کے قیام کے ذریعے ہی صحت کی سہولتوں کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکتا ہے۔ کورونا وبا نے یہ باور کرایا کہ محض انفرادی نہیں بلکہ سب کا تحفظ ضروری ہے۔ علاوہ ازیں جانز ہاپکن میں زیر تعلیم پاکستان طلبانے بھی سفیر پاکستان سے ملاقات کی۔