بیلجیم استحکام پاکستان کانفرنس ،پاکستان اور استحکام پاکستان کی ضامن پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی

0
167

اسلام آباد(این این آئی)بیلجیم کے معروف شہر انٹورپن میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں انٹورپن اور دیگر قریبی شہروں ،قصبات سے تمام مکاتب فکر کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان اور استحکام پاکستان کی ضامن پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت پاک فوج کے استحکام سے مشروط ہے اور پاک فوج تب مضبوط ہوسکتی ہے جب ہم غیر مشروط اس کے ساتھ کھڑے ہونگے اور دست وبازو بنیں گے۔چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے خون گرما دینے والی تقریر کرتے ہوئے پاکستان کے استحکام کو پاک فوج کے ساتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ ہمارا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے جب ہم یہ کہتے ہیں کہ ہم نے اپنی سرزمین پر دو سپر پاورز کو شکست دی ہے اور یہ تبھی ممکن ہوا جب ہم اپنی فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جو سعودی عرب نے تمغہ دیا ہے وہ قمر جاوید باجوہ کو نہیں بلکہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام کو بلکہ امت مسلمہ کی رکھوالی کرنے والی فوج کو دیا ہے اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج یہ وعدہ کرنا ہوگا کہ ہم ففتھ وار کے سامنے کھڑے ہونگے اور پاک فوج کے خلاف فیک پراپوگینڈا کو روکیں گے۔اور دشمن کی اس چال کو ناکام بنائیں گے۔ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے وہاں موجود تمام شرکا سے ہاتھ کھڑے کروا کر عہد لیا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں اور کسی بھی اندرونی بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔