وزیراعظم سے پاکستانی تاجروں کی تنظیم کے صدر جنید قریشی کی ملاقات ، آئی ٹی شعبے اور سرمایہ کاری پر گفتگو

0
186

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستانی تاجروں کی تنظیم سیلیکون ویلی، کیلیفورنیا کے صدر جنید قریشی نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹ انڈسٹری اور پاکستان میں آئی ٹی/آئی ٹی ای ایس سیکٹر کی اہمیت اور اس کے 2.5 بلین ڈالر سے 15 بلین ڈالر کی صنعت تک بڑھنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ملاقات میں سیلیکون ویلی میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں آئی ٹی برآمدات میں اضافے میں پاکستانیوں کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے جنید قریشی کی بھی حوصلہ افزائی کی کہ وہ پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالیں جس سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔ جنید قریشی نے #TechDestinationPakistan کی بین الاقوامی مہم کو بھی زیر بحث لایا اور بتایا کہ حکومت کیلئے یہ کتنا ضروری ہے کہ وہ مارکیٹنگ مہم میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کرے تاکہ عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکے۔ قریشی نے وزیر اعظم کو ستمبر میں اقوام متحدہ کے امریکی دورے کے دوران سلیکون ویلی کا دورہ کرنے اور سلیکون ویلی کی مشہور ترین ٹیک کمپنیوں کے رہنماؤں سے ملنے اور پاکستان کو دنیا کے #TechDestination کے طور پر پیش کرنے کی دعوت دی۔مزید براں ملاقات میں آئی ٹی پالیسیوں میں بہتری کے لیے تجاویز بھی زیر غور آئیں جن کو اپنانے سے ملک میں آئی ٹی ایکسپورٹ کی ترقی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں مائیکرو ڈگریوں اور مختصر سرٹیفکیٹس کی اہمیت کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا گیا کہ یہ نوجوانوں کو آئی ٹی انڈسٹری میں بھرتی کرنے کے قابل بنانے میں کتنے فائدہ مند ہو سکتے ہیں ۔