ترکی میں مالی بحران پر قابو پانے میں ناکامی؟صدرکے داماد وزیرخزانہ مستعفی

0
233

انقرہ(این این آئی )ترکی کے وزیر خزانہ اور صدر رجب طیب ایردوآن کے داماد بیرات البیرق اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔انھوں نے مبینہ طور پر ملک میں جاری مالی بحران پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد اپنے عہدے سے استعفا دیا ہے مگر انھوں نے انسٹاگرام پر جاری کردہ بیان میں لکھا ہے کہ وہ خرابیِ صحت کی بنا پر عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے لکھا کہ منصبِ وزارت پر کوئی پانچ سال تک فائز رہنے کے بعد میں نے صحت کے مسائل کی وجہ سے (وزیرخزانہ)کی حیثیت سے اپنے فرائض جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ اب اپنے خاندان کے ساتھ مزید وقت گزاریں گے، جسے وہ نظرانداز کرتے رہے ہیں۔آیا ان کا استعفا منظور کر لیا گیا ہے یا نہیں،اس کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔ان سے پہلے اس سال کے اوائل میں ترک وزیرداخلہ سلیمان سوئلو بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے لیکن صدر ایردوآن نے ان کا استعفا منظور نہیں کیا تھا اور وہ آج تک اس منصب پر فائز چلے آرہے ہیں۔