جمہوریت کا دعویٰ کرنیوالا ملک اس کی نفی کر رہا ہے، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق سلب کر دیئے گئے،بیرسٹر سلطان محمود

0
242

مظفر آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقد س و محترم دن کے موقع پر میں ملت اسلامیہ کے تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،عید الاضحی کے مذہبی تہوار کے پس منظر میں ایک عظیم فلسفہ کار فرما ہے، یہ فلسفہ ایثار و قربانی اور رضائے الٰہی کیلئے اپنی عزیز ترین چیز حتیٰ کے اولاد کو بھی قربان کر دینے سے عبارت ہے، آج کشمیری قوم اس سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہی ہے۔جمہوریت کا دعویٰ کرنے والا ملک جمہوریت کی مکمل طور پر نفی کر رہا ہے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق مکمل طور پر سلب کر دیئے ہیں۔ کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم ہے۔مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی کا نام دے رہا ہے۔بھارت کے ان غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عالمی سطح پر ان اقدامات کا نوٹس لیا جا رہا ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی حریت کانفرنس اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی۔ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے اپنا کردار بھر پور انداز میں ادا کر رہی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی کرتی رہے گی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ بھارتی عزائم کو بے نقاب کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب لانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرئے گی۔انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام اپنا بنیادی حق، حق خود ارادیت لیکر رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئیے اس اہم موقع پر اس عزم کی تجدید کریں کہ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔میں اس موقع پر پورے عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعائیں کی جائیں۔ ہمارا نصب العین سچائی اور انصاف پر مبنی ہے اور مجھے یقین ہے کہ اگر سچے جذبے اور قوت ایمانی کے ساتھ ہم اپنے مقصد کے حصول کیلئے کوشاں رہے تو اپنی منزل حاصل کر کے رہیں گے