اسلام آباد (این این آئی)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران صاحب وزیراعظم ہوکر الیکشن کمیشن کے قانون، احکامات اور ضابطوں کی دھجیاں اڑاتے رہے ،عمران صاحب اور ان کے وزرا نے حکومت میں ہوتے ہوئے کھلم کھلا الیکشن کمیشن کے قانون کی خلاف ورزی کی اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت میں بھی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں اورآج بھی الیکشن چور الیکشن کمیشن پہ ہر روز حملے کررہے ہیں ،ایک طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے جو قانون، انتخابی ضابطوں اور الیکشن کمشن کے احکامات کے آگے سر جھکاتی ہے ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وزرا نے الیکشن کمشن کے احکامات اور قانون کی پاسداری کے احترام میں استعفے دئیے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ دوسری طرف عمران صاحب اور ان کی جماعت ہے جو اقتدار کی طرح آج بھی الیکشن کمشن کو دھمکیاں اور گالیاں دے رہی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران صاحب لاڈلا بننے کی کوشش میں قانون اور ضابطے کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ عمران صاحب خود کو قانون سمجھتے ہیں، وہ اپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے ،عمران صاحب الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں بھی دیتے ہیں اور درخواستیں بھی دے رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے ،عمران صاحب ووٹ چور ہیں، ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ابھی ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران صاحب کا ماتم شروع ہو گیا ہے ،الیکشن کمیشن اصل میں فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے عمران خان کا نشانہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب اور ان کے وزرا اپنے دور اقتدار میں ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلاتے رہے۔انہوںنے کہاکہ عمران صاحب قانون کا احترام یہ ہوتا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کو الیکشن کمشن نے حکم دیا تو انہوں نے دورہ منسوخ کردیا ،عمران خان نے الیکشن کمیشن کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان ، خیبرپختونخواہ اور آزادکشمیر کے انتخابات میں مہم چلائی تھی ،عمران صاحب آپ کے وزرا الیکشن مہم میں پیسے تقسیم کرتے، ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے اور دھاندلی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔