بھارت غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے،صدر مملکت

0
247

اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے،اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہم 13 جولائی 1931 ء کو ڈوگرہ سامراج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں،اس دن ہم حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہداء کو بھی خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یوم شہدائے کشمیر اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کشمیر ی عوام آزادی کی خاطر گزشتہ 9 دہائیوں سے زائد عرصہ سے جدوجہد ِآزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے حق ِخوداردیت اور آزادی کی خاطر نسل در نسل جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جذبہ حریت کو زندہ رکھاانہوںنے کہاکہ خواہ ڈوگرہ سامراج ہو یا کہ قابض بھارتی افواج کا ظلم و ستم ، کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو نہ کبھی دبا سکے ہیں اور نہ کبھی دبا سکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے اور کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج ہم ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔