میرے بیڈروم میں جاسوسی کے آلات لگوائے گئے، شیریں مزاری کا دعویٰ

0
158

اسلام آباد(این این آئی) پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے گھر سے مشکوک ڈیوائس برآمد ہوئی ہے، جس کا مقصد ان کی جاسوسی کرنا تھا۔شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کے گھر سے بھی کچھ دن قبل ڈیوائس برآمد ہوئی تھی، اب میرے گھر سے بھی مشکوک ڈیوائس نکلی ہے ۔ یہ ڈیوائس میرے کمرے کی ٹیبل سے نکلی ہے ، جو کہ امریکی ماڈل کا وائس ریکارڈر ہے ۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میرے بیڈ روم میں یہ ڈیوائس کس نے لگائی؟۔ پہلے مجھے اغوا کروایا گیا ، یہ بھی ایک سوال ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی والوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے ۔ کوئی صحافی بولتا ہے تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی جاتی ہے۔ میرے خلاف 4 مقدمات دائر کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ گھر کے ملازم عارضی طور پر ہوتے ہیں ۔ ملازم کو دھمکیاں دی گئیں کہ بیٹے کو مار دیں گے۔ ایسے بیہودہ کاموں کیلیے غریب طبقے کو استعمال کرتے ہیں۔ معلوم نہیں کہ وہ میرے بیڈ روم سے کیا انفارمیشن لینا چاہ رہے تھے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ زرداری نے اپنے دور میں کھل کر بلیک واٹر کو ویزے دیے۔