اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یوم استحصال کشمیر پر محسن نقوی اور انوارالحق نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 (A) کا خاتمہ کرکے کشمیریوں کا بدترین استحصال کیا۔ گزشتہ پانچ سال سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو نافذ ہے۔
پچھلے پانچ سالوں میں کئی ہزار بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں، جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین شامل ہیں۔ آج پوری قوم پرعزم انداز میں یوم استحصال کشمیر منا رہی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام جموں و کشمیر کے تنازع کے حل سے جڑا ہے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا کہ 5 اگست کو دنیا کے سامنے ہندوستان کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عالمی تنظیموں سمیت بین الاقوامی میڈیا کا بھی داخلہ ممنوع کردیا گیاہے۔
اب وقت آ چکا ہے کہ بین الاقومی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں اور مظالم کا تدارک کریں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے آزاد کشمیر میں امن و عامہ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں امن وامان کے قیام کے لئے پہلے بھی بھرپور معاونت کی، آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں گے۔
آزاد کشمیر کی سکیورٹی سے متعلق ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے قیام امن کیلئے تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔