سندھ حکومت کا تعلیمی اداروں میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ

0
128

کراچی (این این آئی)وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے تعلیمی اداروں میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کریں گے اور مثبت ٹیسٹ کی اطلاع صرف والدین کودی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری نے صدارت سنبھالتے ہی منشیات کے خاتمے کی ہدایات جاری کی تھیں، انھیں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش ہے۔

انہوں نے انسداد منشیات کے لئے تشکیل کردہ ہائی پاورڈ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں بتایا کہ والدین اوراسکول انتظامیہ کو اعتماد میں لے کر تعلیمی اداروں میں بچوں کے ڈرگ ٹیسٹ کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں صرف والدین کو مطلع کیا جائے گا، بچے سے پوچھا جائے گا کہ اس کو منشیات کس نے فراہم کی، منشیات کے سپلائرز، ڈیلرز اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کی گرفتاری ہماری اولین ترجیح ہے۔