ہوائی سفر سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہ لینے کا فیصلہ

0
126

اسلام آباد(این این آئی)ہوائی سفر سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس نے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوائی سفر سے عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہیں لیے جائیں گے، اربعین کے موقع پر عراقی سفارتخانہ زائرین کو ویزے جاری کرے گا۔

اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا، رواں سال گزشتہ برس سے زیادہ ویزے جاری کیے جائیں گے۔

ملاقات میں اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے اسپیشل پروازیں اور ڈپلومیٹک و آفیشل پاسپورٹ پر ویزا چھوٹ کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق کراچی میں عراقی قونصلیٹ دوبارہ کھولنے کے لیے معاملات حل کرنے پر اتفاق کیا گیا اور عراق میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ عراق میں پولیس لائنزن افسر تعینات کیا جائے گا، زائرین سے زائد فیس چارج کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزیر ایوی ایشن خواجہ محمد آصف سے رابطہ کیا اور عراقی ایئر لائن کوخصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا۔