پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر تعلقات عامہ صلاح الدین صدیقی 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے

0
61

اسلام آباد /لندن (این این آئی)پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر تعلقات عامہ صلاح الدین صدیقی 93 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے،وہ پی آئی اے کے قاہرہ کی افتتاحی پرواز کے حادثے میں زندہ بچ جانے والے چھ مسافروں میں سے آخری حیات مسافر تھے،صلاح الدین صدیقی جنرل منیجر پبلک افیئرز کے عہدے سے 1980 میں پی آئی اے سے ریٹائر ہوئے تھے۔20 مئی 1965 کو پی آئی اے کی کراچی سے قاہرہ کیلئے افتتاحی پرواز پی کے 705 لینڈنگ کے وقت قاہرہ ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ اس افتتاحی پرواز کو کراچی سے زبران قاہرہ اور وہاں سے لندن جانا تھا۔ پرواز میں مسافروں اور عملے سمیت 128 مسافر سوار تھے۔ اس افسوس ناک حادثہ میں 21 صحافیوں سمیت 122 مسافر اور عملے کے ارکان جاں بحق ہو گئے تھے ان میں پی آئی اے کی معروف ایئرہوسٹس مومی گل درانی بھی شامل تھیں۔ اس حادثہ میں 6 خوش قسمت مسافر زندہ بچ گئے تھے۔ اب انتقال کر جانے والے پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر صلاح الدین صدیقی اس حادثہ میں زندہ بچ جانے والے آخری حیات مسافر تھے۔ صلاح الدین صدیقی طویل عرصے سے لندن میں مقیم تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق صلاح الدین صدیقی کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ پی آئی اے ترجمان نے ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے صلاح الدین صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہ ہم اپنے ایک دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئے،قومی ایئر لائن کیلئے صلاح الدین صدیقی کی خدمات یاد رکھی جائیں گی۔