خسارے والے اداروں کی نجکاری کرکے ملکی خزانے کے بوجھ کو کم کرنا ہے ،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

0
56

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ خسارے والے اداروں کی نجکاری کرکے ملکی خزانے کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی سیکرٹری سمیت بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اداروں کی نجکاری سے متعلقہ اہم امور کی منظوری اور ڈسکوز، پی آئی اے اور دیگر اداروں کی نجکاری کے امور پر غورکیا گیا۔ شرکا نے پرائیویٹائز ہونے والے اداروں کے لئے فنانشل ایڈوائزرز کے تقرر اور دیگر تکنیکی امور پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں کی نجکاری انتہائی اہم معاملہ ہے جس میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے نجکاری کمیشن بورڈ کی اب تک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے حامل اداروں سے فنانشل ایڈوائزرز کی شمولیت خوش آئند امر ہے، ہمیں وسیع تر قومی مفاد میں بہتر سے بہتر اور ٹھوس فیصلے کرنا ہوں گے۔ عبدلعلیم خان کہا کہ قومی خزانے کو بہت نقصان ہو چکا، اب مزید مالی دباؤ کے متحمل نہیں ہو سکتے ، جو ادارہ بھی قواعد و ضوابط پر پورا اترے اسے نجکاری کے عمل میں ضرور شامل کریں۔نجکاری کمیشن بورڈ نے دیگر امور کے علاوہ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کی کاروائی کی منظوری دی۔ بورڈ کو نیویارک سے پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل کے تکنیکی امور اور مختلف امکانات پر بریفنگ بھی دی گئی۔