مریم نواز 2 صوبائی حکومتوں کے اعصاب پر سوار ہیں’ عظمیٰ بخاری

0
92

لاہور(این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز دو صوبوں کی حکومتوں کے اعصاب پر بری طرح سوار ہیں،سندھ اور خیبر پختون خوا کی حکومتیں اپنے صوبوں کی بجائے پنجاب پر نظر رکھنے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز پنجاب میں مفت ادویات، الیکٹرک بائیکس اور اسکالر شپ دے رہی ہیں، الحمدللہ، مریم نواز نے آج اپنا گھر اپنی چھت میگا پروجیکٹ بھی لانچ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے 1کروڑ نوکریاں، 50لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا پھر مکر گیا اور ایک جماعت پچھلے 3سال سے صوبہ سندھ میں 21لاکھ گھر بنانے کے صرف اعلانات کر رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک جماعت ایک صوبے میں 16سال جبکہ دوسری 11سال سے حکومت کر رہی ہے، ایک حکومت 16سال بعد بھی کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی جبکہ دوسری حکومت 11سال بعد بھی دریائوں کو کراس کرنے والی ڈولیوں سے جان نہیں چھڑا سکی۔انہوں نے کہا کہ مریم نوازکی حکومت کو صرف چند ماہ ہوئے ان کا کام بول رہا ہے اور مخالفین جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں جتنا وقت آپ مریم نواز کی کارکردگی پرجلنے کڑھنے میں لگاتے اتنا کام پر فوکس کرتے تو آپ کے صوبوں کا یہ حال نہ ہوتا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز اور ان کی ٹیم بشمول افسران دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں جبکہ سندھ اور خیبر پختون خوا کی حکومتیں اپنے صوبوں کی بجائے پنجاب پر نظر رکھنے کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کے اپنے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا کوئی پرسانِ حال نہیں اور ان کو فکر پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو پنجاب کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو وہ خدمت بھی پنجاب کی کریں گی اور مخالفین دن رات مریم نواز کے بغض، تعصب اور حسد میں جلنے کی ڈیوٹی پانچ سال سر انجام دیتے رہیں گے۔