بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ تاریخی سنگ میل ،پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی، وزیراعظم

0
52

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی، اس منصوبے سے تارکین وطن جدیدٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف اور موثر اندازمیں رقوم کی منتقلی کر سکیں گے، اس منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ ہوگا، ترسیلات زر میں اضافہ اور کاروبار کو فروغ ملے گا،زراعت ، معیشت ، آئی ٹی اور دیگر شعبہ میں بہتری کے 5 سالہ ہوم گرائونڈ اکنامک پروگرام کا باضابطہ اعلان کرنے جا رہے ہیں۔وہ جمعرات کو بونا-راست کنیکٹیوٹی منصوبے کے نفاذ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہاکہ بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبہ پاکستان کاپہلاسرحد پار رقوم کی منتقلی کانظام ہے جس سے عرب ممالک سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رقوم کی منتقلی شفاف اور موثر اندازمیں ہو سکے گی۔ اس منصوبے کے نفاذ کے لئے وزیر خزانہ ، گورنر سٹیٹ بینک، کار انداز اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے مشکور ہیں۔ یہ بہت اہم منصوبہ ہے کیونکہ اس سے پاکستان کی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کو وسعت ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم ڈیجیٹل گورننس کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس تاریخی سنگ میل سے عرب دنیا کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مستحکم اور جدید خطوط پر استوار ہوں گے اس تاریخی منصوبے سے پاکستانی تارکین وطن کو اپنے خاندانوں کی بروقت امداد اور رقوم کی منتقلی میں مدد ملے گی۔ بوناراست سے عوام کو سہولت اور کاروبار فروغ پائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اس منصوبے سے رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلز کاخاتمہ ہو گا اس منصوبے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا، حوالہ اور ہنڈی سے رقوم کی منتقلی کاخاتمہ ہو گااس منصوبے سے پاکستان کا رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کابنیادی ڈھانچہ مضبوط ہو گا۔وزیراعظم نے کہاکہ اپنی اجتماعی کاوشوں اور ٹیم ورک سے ایک دن ہم ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کاعمل جاری ہے جس کی میں ذاتی طورپر نگرانی کررہا ہوں اس کیلئے بل ملنڈااینڈ گیٹس فائونڈیشن اور کار انداز کا مالی تعاون حاصل ہے اس کے ساتھ ساتھ ہمیں دوسراچیلنج توانائی کے شعبے میں درپیش ہے، اس سے ہم نمٹ رہے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد ہوم گرائونڈ اکنامک پروگرام کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں تمام فریقین سے گزشتہ کئی ماہ سے مشاورت کاسلسلہ جاری ہے، اب اس پروگرام کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔یہ ہمارا آئندہ 5 سال کاپروگرام ہو گا کہ کس طرح ہم نے اپنی معیشت ، زراعت ، آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات میں بہتری لانی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹر ی فنڈ کے تحت بونا سے جوڑا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماری قوم بہت بہادر اور مضبوط ہے۔ ہمارے عوام بھرپور صلاحیتوں اور توانائیوں سے مالا مال ہے۔ہم نے ماضی کی طرح وقت ضائع نہیں کرنا بلکہ اس ملک کو عظیم بنانا ہے۔ اس کے لئے صرف اور صرف محنت ہمارا عزم ہے۔ اس موقع پر بل اینڈ ملنڈاگیٹس فائونڈیشن کی صدر ڈاکٹر انیتازیدی نے خطاب کرتیہوئے کہاکہ ہماری فائونڈیشن کا یہ عزم ہے کہ دنیا میں ہر ایک صحت مند اور ثمر آور زندگی بسر کر سکے۔