ملک میں خواتین کیخلاف سفاکیت کے کیسز پر جلد فیصلوں کی ضرورت ہے ، بھارتی وزیراعظم

0
67

نئی دہلی(این این آئی)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں خواتین کے خلاف سفاکیت کے کیسز میں تیز رفتار فیصلوں پر زور دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سپریم کورٹ کے 75سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب میں مودی نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ان کے خلاف کیسز میں تیزی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچوں کو لے کر بڑھتے واقعات پر تشویش ہے اور یہ ان کے تحفظ کے بارے میں بھی تشویشناک ہے۔نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں متعدد ایسے قوانین ہیں جو خواتین کے تحفظ کے معاملے کو واضح کرتے ہیں لیکن خواتین کے خلاف جرائم اور بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہمارے معاشرے کا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ملک میں خواتین کے تحفظ کے لیے کئی سخت قوانین بنائے گئے ہیں جنہیں اب مزید بہتر طریقے سے فعال کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی وزیراعظم نے خواتین کے خلاف سفاکیت کے کیسز میں جلد فیصلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلد فیصلے ہمارے لوگوں کے اندر تحفظ کا احساس پیدا کریں گے۔